وفاقی وزیر خزانہ نے ریٹیلر ایپ کا اجرا کردیا: چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس اسکیم آسان اور اختیاری قرار

image

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ریٹیلر ایپ کا اجرا کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس اسکیم کو آسان اور اختیاری بنایا گیا ہے، جبکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے معیشت میں شفافیت لائی جائے گی۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت بجٹ اسکیم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مشاورتی عمل کو بہتر بنا رہی ہے۔ پالیسی سازی میں مختلف طبقات اور شعبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے، جبکہ 25 سے 26 کروڑ آبادی والے ملک میں عوام کو آسان اور مؤثر نظام فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق چھوٹے دکاندار نئی ٹیکس اسکیم میں شامل ہونے یا معمول کے ٹیکس نظام میں رہنے کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ نئی سکیم میں چھوٹے دکانداروں اور دیگر کاروباری طبقات کے درمیان واضح فرق رکھا گیا ہے تاکہ ہر طبقے کو اس کی استطاعت کے مطابق ٹیکس نظام میں شامل کیا جاسکے۔

انہوں نے دکانداروں پر زور دیا کہ وہ نئی اسکیم میں شامل ہو کر اس سے فائدہ اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو افراد اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے، حکومت آئندہ ان کے خلاف ضروری اقدامات کرے گی۔ حکومت کا مقصد تمام کاروباری طبقات کو قومی ٹیکس دائرے میں لانا ہے، جس کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا تعاون بھی ضروری ہے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ نئی اسکیم تاجر برادری کی مشاورت اور رہنمائی سے تیار کی گئی ہے۔ اسکیم کا اعلان 5 جون کو وزیر خزانہ کی زیر صدارت تقریب میں کیا گیا تھا، جبکہ بجٹ پیش ہونے کے بعد اس کے عملی نفاذ کی تیاریاں شروع کی گئی تھیں۔ آج اسکیم کا باقاعدہ عملی آغاز کردیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US