پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس، بحری سلامتی کے چیلنجز کا جائزہ

image

پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کی، جبکہ پرنسپل اسٹاف افسران اور فیلڈ کمانڈرز نے شرکت کی۔

کانفرنس میں بدلتی ہوئی بحری سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں روایتی و غیر روایتی خطرات، اہم بحری راستوں اور اسٹریٹجک گزرگاہوں پر بڑھتی ہوئی کشیدگی، آزادیٔ جہازرانی اور اہم سمندری مواصلاتی راستوں کو درپیش خطرات سمیت مختلف امور زیر بحث آئے۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور مشکل ترین مشنز انجام دینے کی صلاحیت کو سراہا۔ انہوں نے مؤثر تربیت، حربی نظم و ضبط اور مشترکہ رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط بحری دفاع کے لیے ان عوامل کو مزید مؤثر بنانا ضروری ہے۔

ایڈمرل نوید اشرف نے ابھرتے ہوئے خطرات کا مقابلہ کرنے اور حربی برتری برقرار رکھنے کے لیے غیر متناسب صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی ناگزیر قرار دیا۔

کانفرنس میں پاک بحریہ کے آپریشنل امور، جاری اقدامات، آئندہ سرگرمیوں اور مجموعی تیاریوں کا جامع جائزہ لیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے امن، استحکام اور خطے میں بحری سلامتی کے فروغ میں پاک بحریہ کے کلیدی کردار پر بھی زور دیا۔

کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاک بحریہ کا اعلیٰ ترین فیصلہ سازی کا فورم ہے، جہاں چیف آف دی نیول اسٹاف، پرنسپل اسٹاف افسران اور فیلڈ کمانڈرز اسٹریٹجک ترجیحات اور پالیسیوں پر غور کرتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US