پیٹرولیم بحران کے باوجود عوام کے لیے خوشخبری: حکومت اور ریفائنریز کا ڈیزل سستا کرنے پر اتفاق

image

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ریفائنریز نے ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 32 روپے سے زائد کی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر جنگ اور مہنگے ایندھن کی وجہ سے درپیش مشکلات کا حکومت کو کامل احساس ہے اور ڈیزل کی نئی قیمت میں اس نمایاں کمی کا پورا فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے گا۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی دستیابی کے حوالے سے متعدد ممالک کو مسائل کا سامنا ہے، تاہم ریفائنری انتظامیہ کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ فیصلہ ممکن ہو سکا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اسی سلسلے میں ٹارگٹڈ سبسڈی اور پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف جیسے فیصلے کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو مشکلات سے بچایا جاسکے۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں آئل ریفائنریز کے ساتھ مذاکرات کرنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی پہلی ترجیح عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے اور آنے والے دنوں میں اس حوالے سے مزید مثبت پیش رفت دیکھنے کو ملے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US