اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ جاری، نظام زندگی متاثر

image

جڑواں شہروں میں مسلسل ایک ہفتے سے جاری بارش نے معمولات زندگی متاثر کردیئے، راولپنڈی میں آج مجموعی طور پر 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور میں 14، گولڑہ 34، بوکڑہ 19 اور پی ایم ڈی میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ شمس آباد میں 18، کچہری 23، پیرودھائی 28، نیو کٹاریاں 43 جبکہ گوالمنڈی میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے باعث نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 8 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر ساڑھے 6 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب مختلف علاقوں میں بارش کے باعث حادثات بھی رپورٹ ہوئے۔ اٹک کے گاؤں جسیاں میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص ملبے تلے دب کر شدید زخمی ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

صوابی کے علاقے آزادخیل میں بارش کے دوران پڑوسی کی دیوار قریبی مکان کی چھت پر جاگری، حادثے میں باپ اور بیٹی جاں بحق جبکہ ماں اور بیٹا زخمی ہوگئے۔

چارسدہ میں بھی گزشتہ رات سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بارش اور اربن فلڈنگ کے خدشے کے باعث بعض سرکاری و نجی اسکولوں میں آج تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

ادھر گجرات، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، اٹک اور چارسدہ سمیت مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے بعد گرمی اور حبس کی شدت میں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

گجرات میں مختصر دورانیے کی شدید بارش سے سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ نشیبی علاقوں اور بعض گھروں میں بھی پانی داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ جہلم میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ اٹک اور چارسدہ میں بھی مسلسل بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US