وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نیشنل ایڈولیسنٹ اینڈ یوتھ پالیسی کی اصولی منظوری دے دی گئی۔
وزارت بین الصوبائی روابط کی سفارش پر منظور کی گئی پالیسی کا مقصد پاکستان کی نوجوان آبادی کو بااختیار بنانے اور معاشی و سماجی طور پر مرکزی دھارے میں لانے کے لیے مربوط قومی فریم ورک تشکیل دینا ہے۔
پالیسی کے چار بنیادی ستونوں میں تعلیم، روزگار، شمولیت اور ماحولیات شامل ہیں۔ پالیسی پر عملدرآمد کے لیے پاکستان یوتھ ڈویلپمنٹ کونسل اور فیڈرل ایڈولیسنٹ اینڈ یوتھ ایجنسی کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پالیسی کی تیاری کے لیے ملک بھر میں 32 ہزار 145 سروے کیے گئے جبکہ 2 لاکھ سے زائد نوجوانوں کی آراء حاصل کی گئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ کابینہ ارکان کی جانب سے پالیسی سے متعلق تجاویز کو بھی اس کا حصہ بنایا جائے۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی ادارہ جات کے 9 جولائی 2026 کے اجلاس، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 14 اگست 2026 کے اجلاس اور کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 18 جون، 30 جولائی، 5 اگست اور 18 اگست 2026 کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔