پیٹرولیم لیوی ایک ’جگا ٹیکس‘ ہے، اسے فوری ختم کیا جائے: حافظ نعیم الرحمان

image

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کا پورا نظام عوام کو ڈیلیور نہیں کر رہا اور اس ناکامی کے باعث پاکستان کو آئی ایم ایف کی شرائط ماننا پڑتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیوی کی صورت میں جگا ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، جبکہ اس کو لگانے کا اصل مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی لاگت کو کم کرنا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت لیوی کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹتی تو جماعت اسلامی آگے بڑھے گی۔

حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ گزشتہ روز ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے کی کمی کی گئی ہے حالانکہ یہ کمی 130 روپے تک بنتی ہے، اور اگر لیوی کو مکمل طور پر ختم کردیا جائے تو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 200 سے 250 روپے تک آ سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آئی پی پیز سے مذاکرات کیے جائیں تو بجلی کی قیمت میں 30 فیصد تک کمی ممکن ہے، جبکہ ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کے باوجود کیپیسٹی پیمنٹس وصول کی جا رہی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے ان سے مذاکرات کے سلسلے میں رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ پہلے آنا چاہیے تھا اور بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US