گورنر ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کا دھرنا پانچویں روز میں داخل، امیر کراچی کا خطاب

image

کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کا جاری دھرنا آج پانچویں روز میں داخل ہوچکا ہے، جہاں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ایک بار پھر حکومتی پالیسیوں اور شاہ خرچیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پانچ دن سے جاری اس طویل دھرنے میں عوام کا جوش و خروش دیدنی ہے اور شہر بھر سے مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اس میں شرکت کر رہے ہیں۔

منعم ظفر خان کا کہنا ہے کہ یہ دھرنا صرف مہنگائی کے خلاف نہیں بلکہ کے الیکٹرک کی ظالمانہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف بھی ایک بھرپور عوامی تحریک ہے۔ انہوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے نام پر غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، جس نے ہر گھر کا بجٹ تباہ کر دیا ہے۔ حکومت ایک طرف عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھا رہی ہے تو دوسری طرف بیوروکریسی کو اربوں روپے کا پیٹرول دیا جا رہا ہے اور وزراء و مشیروں کے پروٹوکولز پر سرکاری گاڑیوں کی بھرمار ہے۔

دھرنے کے شرکاء کا موقف ہے کہ کراچی کی سڑکوں پر لاکھوں موٹرسائیکلیں وہ مزدور، طالبعقم اور عام شہری چلاتے ہیں جو پہلے ہی مہنگائی کے سمندر میں ڈوبے ہوئے ہیں، لیکن حکمران اپنے شاہانہ اخراجات کم کرنے کو تیار نہیں۔ اس کے علاوہ شہر کے دیرینہ مسائل جیسے کہ کے فور (K-4) واٹر سپلائی کا منصوبہ جو گزشتہ تئیس سال سے تعطل کا شکار ہے، اس پر بھی حکومتی بے حسی عیاں ہے۔ جماعت اسلامی نے عزم ظاہر کیا ہے کہ جب تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور عوام کو حقیقی ریلیف نہیں ملتا، یہ پرامن سیاسی مزاحمت اور دھرنا اسی طرح جاری رہے گا اور پورے شہر میں عوامی آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US