شفا انٹرنیشنل سے پمز اور پھر اڈیالہ جیل، عمران خان کی منتقلی پر عطا تارڑ کا مؤقف سامنے آگیا

image

پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کی اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی اور پھر واپسی کے معاملے پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے وضاحت جاری کردی ہے۔

عطا اللہ تارڑ کے مطابق عمران خان کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب حفاظتی انتظامات کے تحت طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ شفا انٹرنیشنل اسپتال میں ماہر امراضِ چشم، ماہر امراضِ قلب اور فزیشن سمیت مختلف شعبوں کے مستند ڈاکٹروں نے ان کا معائنہ کیا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ بعد ازاں طبی معائنہ پمز اسپتال میں کیا گیا، جہاں شفا انٹرنیشنل کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ ان کے مطابق شفا اسپتال کے باہر اور راستے میں پی ٹی آئی کارکنوں کی موجودگی کے باعث سیکیورٹی کی صورتحال پیدا ہوئی، جس کے بعد عمران خان کو پمز منتقل کیا گیا۔

عطا اللہ تارڑ کے مطابق ڈاکٹروں کے معائنے میں عمران خان طبی طور پر صحت مند پائے گئے۔ ان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان بھی طبی معائنے کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ طبی معائنے کے بعد عمران خان کو 21 اگست کی صبح تقریباً 5 بجے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ماضی میں بھی ضرورت کے مطابق طبی سہولتیں فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی ان کی صحت سے متعلق ضرورت پیش آنے پر مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

دوسری جانب جیل ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ عمران خان کو واپس اڈیالہ جیل پہنچا دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انہیں اسپتال سے جیل تک انتہائی سخت سیکیورٹی میں منتقل کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US