پاکستان اور گوگل کے درمیان ڈیجیٹل تبدیلی، آئی ٹی برآمدات اور مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے اہم معاہدہ

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت گوگل ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ کا انعقاد ہوا، جس میں پاکستان اور گوگل کے درمیان قومی ڈیجیٹل تبدیلی اور جدت کے فروغ کے لیے اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

مفاہمتی یادداشت کا مقصد پاکستان میں ڈیجیٹل مہارتوں، آئی ٹی برآمدات، مصنوعی ذہانت اور جدت کے فروغ کے لیے تعاون کو مزید وسعت دینا ہے۔ معاہدے کے تحت پاکستان میں ڈیجیٹل اسکلز کے فروغ کے لیے گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس پروگرام کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے، جبکہ گوگل کی جانب سے 2026 کے دوران پاکستان میں 150,000 گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

پاکستانی طلبہ کے لیے گوگل کے جدید مصنوعی ذہانت کے ٹولز تک رسائی بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس سلسلے میں پاکستانی طلبہ کو ایک سال تک گوگل اے آئی پلس اور جیمنی سمیت جدید اے آئی ٹولز تک مفت رسائی فراہم کی جائے گی۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت اسلام آباد میں اے آئی سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام کے لیے بھی تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے۔ مرکز کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں اور انسانی وسائل کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید تربیت فراہم کی جائے گی۔

پاکستان اور گوگل کے درمیان موبائل ایپلی کیشنز اور گیمنگ انڈسٹری کی عالمی مسابقتی صلاحیت بڑھانے، ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل تجارت کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے بھی تعاون پر اتفاق ہوا۔

معاہدے کے تحت سرکاری خدمات کی فراہمی اور حکومتی امور کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے منصوبے میں ڈیٹا اینالیٹکس کے لیے اے آئی کے استعمال جبکہ زراعت کے شعبے میں فصلوں کی نگرانی، پیش گوئی اور پائیدار زرعی طریقوں کے لیے مصنوعی ذہانت سے استفادہ کرنے پر بھی تعاون ہوگا۔

پاکستانی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے استفادہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اور مسابقتی صلاحیت کے روڈ میپ کی تیاری کے لیے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ٹاسک فورس حکومت، گوگل اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ہوگی، جو آئی ٹی برآمدات میں حائل رکاوٹوں اور ترقی کے امکانات کی نشاندہی کرے گی۔

پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون کے نتیجے میں نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل مہارتوں، اسٹارٹ اپس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ یہ پیش رفت پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اور ڈیجیٹل معیشت کو 2030 تک 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کے وزیراعظم کے وژن کی جانب اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

حکومتِ پاکستان اور گوگل کے درمیان مفاہمتی یادداشت کو ملک میں ڈیجیٹل تبدیلی، مصنوعی ذہانت اور جدت کے نئے دور کی بنیاد قرار دیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US