پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان نے صوبے کے مختلف علاقوں میں آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق کوئٹہ، ژوب، موسیٰ خیل، کنگری، رکھنی، کوہلو اور گردونواح میں بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور حدِ نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے۔
محکمے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں کے نتیجے میں کمزور عمارتوں، درختوں، سائن بورڈز اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی عارضی طور پر متاثر ہونے کا خدشہ بھی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو حساس علاقوں، شاہراہوں، نشیبی مقامات اور نالوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت کردی ہے۔
متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیموں، مشینری اور دیگر ضروری وسائل تیار رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے بلوچستان نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اور بجلی کے کھمبوں، درختوں، بل بورڈز اور کمزور تعمیرات سے فاصلہ رکھا جائے۔
شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران نشیبی علاقوں، نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں جانے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رہا جاسکے۔