شامی وزیر خارجہ کی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

image

شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شام کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور عالمی امن و علاقائی استحکام سے متعلق پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

شامی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔

ملاقات میں دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی روابط اور تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US