حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافے کا اعلان کردیا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی 21 اگست کےلیے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 64 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 364 روپے 70 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں بھی27 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، پیٹرول کی نئی قیمت 337 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
پیٹرول اور ڈیزل کے ڈیلرز مارجن میں ایک روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافہ
دوسری جانب حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کے ڈیلرز مارجن میں ایک روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا، جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن نے ڈیلرز مارجن میں اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ اضافے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر ڈیلرز مارجن 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
اس سے قبل پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر تھا۔ نئے مارجن کا اطلاق رات 12 بجے سے کیا جائے گا۔