صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردی کے متاثرین کی یاد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغامات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور متاثرین کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناقابلِ تلافی نقصان اٹھایا اور بھاری قیمت ادا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید سے سانحہ اے پی ایس پشاور کے معصوم بچوں تک دہشت گردی کے واقعات قومی یادداشت کا حصہ ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں شہری اور سکیورٹی اہلکار آج بھی دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ دہشت گردی کے باعث ملک کو قیمتی انسانی جانوں کے نقصان کے ساتھ ساتھ معاشی اور سماجی نقصانات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک قومی یکجہتی اور عزم کے ساتھ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کا نہ کوئی مذہب ہے، نہ قوم اور نہ ہی سرحد، بلکہ یہ پوری انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کو متحد ہوکر مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
تینوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے متاثرین اور شہداء کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف کسی ایک ملک کی نہیں بلکہ پوری انسانیت کی مشترکہ جنگ ہے۔
قومی قیادت نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ایک پُرامن، مستحکم اور مضبوط ملک کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔