آصف علی زرداری کی مرزا فخر الاسلام عالمگیر کو بنگلا دیش کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

image

صدر مملکت آصف علی زرداری نے مرزا فخر الاسلام عالمگیر کو بنگلا دیش کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ صدر مملکت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں بنگلا دیش ترقی کا سفر جاری رکھے گا اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مزید پیش رفت کرے گا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافتی روابط پر مبنی قریبی تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید فروغ پاتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ صدر مرزا فخر الاسلام عالمگیر کے ساتھ مل کر پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان زیادہ سے زیادہ روابط اور تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں۔

صدر مملکت نے بنگلا دیش کے صدر کو باہمی طور پر موزوں وقت پر پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کا دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو گہرا کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

صدر آصف علی زرداری نے صدر مرزا فخر الاسلام عالمگیر کے لیے اپنی ذمہ داریاں کامیابی سے انجام دینے اور بنگلا دیش کے عوام کے لیے مسلسل امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US