سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 49 دہشت گرد ہلاک

image

سیکیورٹی فورسز نے پولیس کے ہمراہ مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ کارروائیوں کے دوران 49 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں دہشتگردوں کے خلاف متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے اضلاع مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں 10 کارروائیوں کے دوران فتنۃ الہندوستان سے وابستہ 37 دہشتگرد مارے گئے۔ کارروائیوں میں بڑی تعداد میں اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات بھی برآمد کرکے تلف کیے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق خیبر پختونخوا کے بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر میں بھی متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 12 خوارج ہلاک ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈیز، اسلحہ، گولہ بارود اور موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں بھارتی پراکسیز، فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خلاف جاری بلا تعطل انسدادِ دہشتگردی مہم کا حصہ ہیں، جن کے ذریعے ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام بنائی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم عناصر کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشتگردی مہم جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US