دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے صوبے کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 18 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے 9 مختلف شہروں میں کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد، ممنوعہ اسٹیکرز، کتب اور نقدی برآمد ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور مشتبہ عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق رواں ہفتے صوبے بھر میں 3 ہزار 357 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 274 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش کی گئی۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کا مقصد دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کا بروقت تدارک اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مؤثر بنانا ہے۔