راولپنڈی، اسلام آباد میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، گھروں میں پانی داخل

image

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، جبکہ بعض علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا۔

راولپنڈی میں مجموعی طور پر 66 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ کٹاریاں میں نالۂ لئی کی سطح 15 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 14 فٹ تک پہنچ گئی۔

بارش کے بعد راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی، جبکہ واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لیے تعینات کردی گئی۔ انتظامیہ کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

شدید بارش کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی، جبکہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات پیش آئیں۔

دوسری جانب کندیاں میں بھی موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے آج اور کل ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US