اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ Caa1 سے بڑھا کر B3 کیے جانے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس پیش رفت کا خیرمقدم کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کا اعتراف خوش آئند ہے۔
محمد شہباز شریف نے حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور تمام متعلقہ وزراء و حکام اس پیش رفت پر لائق تحسین ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور عالمی اداروں کی جانب سے کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اس کا واضح ثبوت ہے۔ حکومت نے معیشت کو مستحکم کرنے اور بیرونی شعبے میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے حکومت کی مسلسل محنت اور اصلاحات کے نتیجے میں عالمی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔ حکومت پاکستان کی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے اصلاحات کا عمل مزید تیز کرے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی منزل پاکستان کو ایک مضبوط، خودکفیل اور پائیدار معیشت بنانا ہے۔