امریکا نے دنیا بھر سے امیگرنٹ ویزا درخواستوں کی کارروائی عارضی طور پر روک دی

image

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے دنیا بھر سے امیگرنٹ ویزا درخواستوں کی کارروائی عارضی طور پر روک دی ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ اقدام قونصلر افسران کی خصوصی اور تفصیلی تربیت کے لیے کیا گیا ہے تاہم اس کے باعث امریکا میں مستقل طور پر منتقل ہونے کے خواہش مند افراد کی ویزا کارروائی متاثر ہوگی۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ امیگرنٹ ویزا درخواست گزاروں کی مزید سخت جانچ پڑتال کرنا چاہتی ہے خصوصاً ایسے افراد کے حوالے سے جن کے مستقبل میں امریکی حکومت کی مالی معاونت یا عوامی سہولیات پر انحصار کرنے کا خدشہ ہو۔

امریکی سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں پہلے سے طے شدہ بعض انٹرویوز بھی دوبارہ مقرر کیے جائیں گے تاہم محکمہ خارجہ نے ویزا کارروائی معمول پر آنے کی حتمی تاریخ نہیں بتائی۔

امریکی حکومت نے ویزا پالیسی مزید سخت کرتے ہوئے ویزا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی کا بھی اعلان کیا ہے جبکہ ویزا درخواست گزاروں کی سوشل میڈیا جانچ کا دائرہ بڑھانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق نئی پالیسی سے تقریباً 2 لاکھ ویزے متاثر ہوسکتے ہیں، تاہم محکمہ خارجہ نے اس تعداد کی تصدیق نہیں کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US