چین: کرپشن الزامات پر دو اعلیٰ ترین فوجی افسران سینٹرل ملٹری کمیشن سے برطرف

image

چین نے کرپشن کے الزامات اور نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزیوں پر اپنے دو اعلیٰ ترین فوجی افسران، سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین ژانگ یوشیا اور جوائنٹ اسٹاف ڈیپارٹمنٹ کے چیف آف اسٹاف لیو ژینلی کو عہدوں سے برطرف کردیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق یہ فیصلہ نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس کے تحت دونوں افسران کو ریاستی سینٹرل ملٹری کمیشن کی ذمہ داریوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔

صدر شی جن پنگ کے ماتحت فوج کے دوسرے سب سے بڑے عہدیدار اور پولٹ بیورو کے رکن ژانگ یوشیا اور جنگی منصوبہ بندی کی نگرانی کرنے والے لیو ژینلی کے خلاف رواں سال جنوری میں تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔

چینی وزارتِ دفاع نے دونوں اعلیٰ عہدیداروں پر نظم و ضبط اور قانون کی سنگین خلاف ورزیوں کے شبہ کا اظہار کیا تھا، جو چین میں عموماً بدعنوانی کی تحقیقات کے لیے استعمال ہونے والی اصطلاح ہے۔ یہ اقدامات صدر شی جن پنگ کے دورِ اقتدار میں جاری وسیع انسدادِ بدعنوانی مہم کے سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US