کے پی حکومت کا بی آر ٹی کے لیے 100 نئی بسیں لانے کا منصوبہ، پہلے مرحلے کی بسیں پشاور منتقل

image

خیبر پختونخوا حکومت نے بی آر ٹی پشاور کی خدمات میں بہتری اور بسوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 2 ارب 13 کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے مزید 50 بسیں خرید لی ہیں۔

خریدی گئی بسوں میں سے مزید 27 بسیں اگلے مرحلے میں پشاور پہنچیں گی، جن میں سے 2 بسیں کمپنی نے تحفے کے طور پر فراہم کی ہیں۔ ان نئی بسوں کی آمد کے بعد بی آر ٹی کی موجودہ بسوں کی تعداد 244 سے بڑھ کر 269 ہوگئی ہے، جبکہ تمام بسیں پہنچنے پر یہ تعداد 296 تک پہنچ جائے گی۔

ٹرانس پشاور کے مطابق بی آر ٹی کی موجودہ 244 بسوں میں سے 5 بسیں خاص طور پر خواتین کے لیے مختص کی جائیں گی، اور ان پنک بسوں کے روٹس سے متعلق تفصیلات بھی جلد مکمل کرلی جائیں گی۔

واضح رہے کہ بسوں کی کمی دور کرنے کے لیے صوبائی حکومت کو کل 100 بسیں (50 ڈیزل ہائبرڈ اور 50 الیکٹرک) خریدنے کی سفارش کی گئی تھی، جس پر مجموعی طور پر 3 ارب 20 کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔

صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد پہلے مرحلے میں 50 ڈیزل ہائبرڈ بسیں خریدی گئی ہیں، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 50 الیکٹرک بسیں خریدی جائیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US