وزیر دفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن نے پریس کانفرنس کے دوران ان کی صحت کے حوالے سے تمام تر خدشات کا خاتمہ کردیا ہے۔
ان کے بقول بانی پی ٹی آئی کی بہن، جو خود ایک ڈاکٹر ہیں، نے ڈاکٹروں کے ہمراہ اپنے بھائی سے ملاقات کی اور ان کا بلڈ پریشر خود چیک کیا جو بالکل نارمل پایا گیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہونے کے اس بیان نے ان کے حامیوں، بالخصوص بیرون ملک مقیم مداحوں کو مایوس کیا ہے، کیونکہ وہ ملک میں اداسی اور اضطراب کا ماحول برقرار رکھنا چاہتے ہیں تاکہ احتجاج کو ہوا دے کر حکومت کی تبدیلی کا راستہ ہموار کیا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب یہ امیدیں پوری نہ ہو سکیں تو اب غیر ملکی میڈیا کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق جھوٹا تاثر پھیلا کر صورتحال سنبھالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کی ان افراد کو شدید ضرورت ہے۔