ایران کے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای نے خلیجی ممالک کے حکمرانوں سے اپنے حقیقی دشمن کی شناخت کرنے اور اس کے منصوبوں کو سمجھ کر اس کا مقابلہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک تحریری پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ امریکی اور اسرائیلی مجرم حکمران صرف ایران کے نہیں بلکہ تمام مسلم امہ کے دشمن ہیں۔ انہوں نے دنیا بھر کے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ آپس میں اتحاد قائم کریں اور دشمنوں کے خلاف باہمی دفاع اور تعاون کو فروغ دیں۔
یہ پیغام رسول اکرم ﷺ کی ولادت کے موقع پر جاری کیا گیا، جبکہ دوسری جانب تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اگر دنیا میں امن اور استحکام قائم کرنا ہے تو یہ ہمارے خطے ہی سے ابھرے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوت اور عزم کے ساتھ کھڑی قوم کو ہتھیار ڈالنے پر کوئی بھی مجبور نہیں کر سکتا؛ ایران نے نہ جنگ شروع کی ہے اور نہ وہ جنگ کا خواہاں ہے، لیکن کسی بھی جارح کے خلاف پوری طاقت سے ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔