پاکستان نے سعودی عرب کے لیے اپنی سالانہ برآمدات کو آئندہ دو سالوں کے دوران 3 ارب ڈالر تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اس سلسلے میں جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک تجارت کو فروغ دینے اور باہمی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔ سال 2025 کے دوران پاکستان نے سعودی منڈی کو تقریباً 163 ملین ڈالر مالیت کا 1 لاکھ 69 ہزار ٹن چاول فراہم کیا، جبکہ سعودی وفد نے آئندہ برسوں میں چاول کی دوطرفہ تجارت میں مزید اضافے اور پاکستان سے سرخ گوشت کی درآمد کو بتدریج دوگنا کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق پھلوں اور ان کے جوسز (کنسنٹریٹس) کی برآمدات بڑھانے کے ساتھ ساتھ سبز چارے کو طویل المدتی سپلائی پارٹنرشپ کا اہم شعبہ قرار دیا گیا ہے۔ دونوں فریقین نے بھکر، پنجاب میں آبپاشی پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ سعودی عرب نے پاکستان کو انٹرنیشنل ڈیٹس کونسل میں شمولیت کی بھی ترغیب دی۔
اجلاس کے دوران لائیو اسٹاک، ایگری فوڈ پراسیسنگ اور چاول کی ویلیو چین سے متعلق نجی شعبے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان نے 19 سے 22 اکتوبر تک ریاض میں ہونے والی 43 ویں سعودی ایگریکلچر نمائش میں شرکت کی دعوت کا خیرمقدم کیا ہے اور دونوں ممالک نے طے شدہ مفاہمتوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے باقاعدہ رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔