امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جھیل اونٹاریو کی جگہ ’جھیل امریکا‘ کا بورڈ لگانے کی اے آئی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کردی۔
ٹرمپ نے کینیڈا کے ساتھ جاری تجارتی کشیدگی کے دوران جھیل اونٹاریو کا نام تبدیل کرکے ’جھیل امریکا‘ رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے انہوں نے ایک صدارتی حکم نامے پر دستخط کیے، جس کے تحت امریکی محکمہ داخلہ کو نام کی تبدیلی کی ہدایت کی گئی۔
بعد ازاں ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو شیئر کی جس میں جھیل اونٹاریو کی جگہ ’جھیل امریکا‘ کا بڑا سائن بورڈ نصب ہوتا دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ اور طنزیہ تبصرے بھی کیے گئے۔
دوسری جانب کینیڈا نے بھی ٹرمپ کے اقدام کا جواب دیتے ہوئے جھیل کے کنارے ایک بڑا سائن بورڈ نصب کردیا۔ اونٹاریو کے سربراہ ڈگ فورڈ نے ساحلی پٹی پر نصب بورڈ کی نقاب کشائی کی، جس پر ’جھیل اونٹاریو، اب اور ہمیشہ‘ درج ہے۔
ڈگ فورڈ نے کہا کہ ٹرمپ سے بہت پہلے بھی یہ جھیل اونٹاریو کہلاتی تھی اور ان کے جانے کے بہت بعد بھی اسے جھیل اونٹاریو ہی کہا جائے گا۔