نیپال میں تباہ کن سیلاب کے باعث 903 افراد ہلاک اور 2 ہزار 500 سے زائد لاپتا ہوچکے ہیں، جبکہ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی سرنگوں اور دیگر مقامات پر پھنسے 933 کارکنوں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
اس شدید سیلاب کے بعد بھارت میں بھی خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے اور نیپال سے بہہ کر آنے والی لاشیں بھارت کے دریاؤں سے برآمد ہوئی ہیں۔
اتر پردیش میں دریائے ناراینی گنڈک کی سطح بلند ہونے پر نشیبی علاقوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے، جبکہ بہار میں بھی کئی مقامات پر دریاؤں کا پانی خطرے کے نشان سے اوپر چلا گیا ہے۔
بھارتی محکمۂ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں انتہائی شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ دوسری جانب لداخ کے علاقے ستکپا سانکو میں کلاؤڈ برسٹ سے اچانک آنے والے سیلابی ریلے کے ساتھ کیچڑ، ملبہ اور بڑے پتھر بہہ کر آ گئے، تاہم وہاں سے فی الحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔