پاکستان انڈر 19 کی دورہ انگلینڈ کے لیے تیاریاں مکمل، کپتان فرحان یوسف کا پُرعزم پیغام

image

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے پی سی بی پوڈکاسٹ کی 90ویں قسط میں گفتگو کرتے ہوئے دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

فرحان یوسف کے مطابق انہوں نے انگلینڈ کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے بھرپور اور بہترین تیاری کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملتان کی سخت اور مشکل کنڈیشنز میں لگائے گئے کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی تیاریاں بہترین رہیں۔

کپتان نے واضح کیا کہ دورے کے دوران انگلینڈ کے موسم سے جلد از جلد ہم آہنگ ہونا انتہائی اہم ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں میں زبردست ہم آہنگی ہے اور پورا اسکواڈ پُرجوش اور مکمل تیار ہے۔

فرحان یوسف نے اپنے تمام کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے دورے کے دوران اچھے نتائج کی امید ظاہر کی ہے۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم ارنڈیل میں 2 سے 5 ستمبر تک واحد یوتھ ٹیسٹ میچ کھیلے گی، جس کے بعد 9 سے 16 ستمبر کے درمیان انگلینڈ کے خلاف چار ایک روزہ (یوتھ ون ڈے) میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US