ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے 2 دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کیریئر کی کل کمائی کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
39 سالہ میسی نے اپنے کیریئر کے دوران مجموعی طور پر 1.8 ارب ڈالرز سے زائد کمائے، جس میں کھیل سے حاصل ہونے والے معاوضے کے ساتھ اسپانسرشپس، اشتہارات اور دیگر تجارتی معاہدے شامل ہیں۔
ریٹائرمنٹ کے وقت ان کی مجموعی خالص دولت کا تخمینہ تقریباً 1.1 ارب ڈالرز لگایا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی وہ دنیا کے چند ارب پتی فٹبالرز کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ سال 2026ء میں ان کی سالانہ آمدنی تقریباً 140 ملین ڈالرز رہی، جو مساوی طور پر کھیل اور میدان سے باہر کی تجارتی سرگرمیوں سے حاصل ہوئی۔
میسی نے 2005ء میں ارجنٹائن کی جانب سے ڈیبیو کے بعد 207 بین الاقوامی میچز میں 125 گول کیے۔ ان کی قیادت میں ارجنٹائن نے 2021ء کا کوپا امریکا، 2022ء کا فیفا ورلڈ کپ اور 2024ء کا کوپا امریکا جیتا۔
31 اگست 2026ء کو انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے میسی کی دولت کا بڑا حصہ بارسلونا کلب کے ساتھ 17 سیزنز کے دوران حاصل ہوا، جس کے بعد انہوں نے پیرس سینٹ جرمین اور 2023ء میں انٹر میامی کی نمائندگی کی۔