امیر بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی کے بیٹے پرنس بہاول عباسی نے ملک کی سینئر سیاسی قیادت کو خط لکھ کر بہاولپور صوبے کی بحالی کی قرارداد پر دوبارہ غور کرنے کی درخواست کی ہے۔
پرنس بہاول عباسی نے یہ خط صدر مملکت آصف علی زرداری، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کے نام تحریر کیا ہے، جبکہ اس کی کاپیاں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمٰن اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔
خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 9 مئی 2012 کو پنجاب اسمبلی نے بہاولپور کو دوبارہ صوبہ بنانے کی قرارداد منظور کی تھی، جس کے ساتھ الگ جنوبی پنجاب صوبے کی قرارداد بھی شامل تھی۔ یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پیش کی گئی تھی جبکہ پیپلز پارٹی اور دیگر تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے اس کی توثیق کی تھی۔
پرنس بہاول عباسی نے سیاسی قیادت سے اپیل کی ہے کہ اس منظور شدہ قرارداد پر تاخیر کے بغیر دوبارہ غور کیا جائے اور بہاولپور صوبے کی بحالی کا معاملہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے فوری ایجنڈے پر شامل کیا جائے۔