وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ قطر سے پاکستان کو گیس کی فراہمی جاری ہے اور دسمبر و جنوری کے دوران بھی گیس کی وافر مقدار دستیاب رہے گی۔
لاہور میں ایک نجی یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال غیر یقینی ہونے کے باعث عالمی سطح پر تیل اور گیس کی قیمتیں متاثر ہوئی ہیں، تاہم پاکستان نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران ان چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین شفاف طریقہ کار کے تحت کیا جاتا ہے، جبکہ کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سبسڈی پر پیٹرول بھی مہیا کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ قطر سے گیس کی درآمد جاری ہے اور سردیوں کے اہم مہینوں دسمبر اور جنوری میں بھی گیس کی وافر سپلائی برقرار رہے گی۔