پاکستان جی 24 کا چیئرمین بن گیا، عالمی مالیاتی نظام میں ترقی پذیر ممالک کی مؤثر نمائندگی اور اصلاحات کا عزم

image

پاکستان نے بین الحکومتی گروپ آف ٹوئنٹی فور (جی 24) کی چیئرمین شپ سنبھال لی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ترقی پذیر ممالک کی مضبوط نمائندگی، عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات اور ترقی پر مبنی معاشی پالیسیوں کو ترجیحات قرار دے دیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے جی 24 کی چیئرمین شپ سنبھالنے کو اہم ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ترقی پذیر معیشتوں کی اجتماعی آواز کو مضبوط بنانے اور زیادہ منصفانہ، جامع اور ترقی دوست عالمی مالیاتی نظام کے قیام کے لیے کردار ادا کرے گا۔

وزیر خزانہ نے چیئرمین شپ کے دوران پاکستان کی تین بنیادی ترجیحات کا اعلان کیا۔ ان میں عالمی معاشی پالیسیوں میں ترقی کو مرکزی حیثیت دینا، ترقی پذیر ممالک کی عالمی مالیاتی اداروں میں نمائندگی اور فیصلہ سازی میں مؤثر شرکت بڑھانا اور ترقیاتی ضروریات کے مطابق عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات شامل ہیں۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کا مقصد صرف مالیاتی نظم و ضبط تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے سرمایہ کاری، پیداواری صلاحیت، روزگار کے مواقع اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کی بنیاد بننا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی مالیاتی اداروں خصوصاً بریٹن ووڈز اداروں میں زیادہ منصفانہ طرز حکمرانی، ترقی پذیر ممالک کی مؤثر شمولیت اور فیصلہ سازی میں مساوی مواقع کا حامی ہے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے لیے سستے اور بروقت ترقیاتی قرضوں، قرضوں کے پائیدار حل، موسمیاتی تبدیلیوں سے تحفظ اور سرکاری و نجی سرمایہ کاری میں اضافے کو بھی ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے معاشی استحکام، اصلاحات اور مشکلات سے نمٹنے کے تجربات کی روشنی میں جی 24 کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر عملی اقدامات کرے گا۔ پاکستان کی چیئرمین شپ افریقی، ایشیائی، لاطینی امریکی اور کیریبین ممالک کے ساتھ مشاورت اور اتفاق رائے کی بنیاد پر آگے بڑھے گی۔

محمد اورنگزیب نے سبکدوش ہونے والی چیئر نائجیریا کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اجتماعی قیادت کی کامیابی کا اصل پیمانہ بیانات نہیں بلکہ ترقی پذیر ممالک کے عوام کی زندگیوں میں آنے والی مثبت تبدیلی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جی 24 کے پلیٹ فارم کو اجتماعی آواز سے مؤثر عالمی کردار اور بامعنی ترقی کی جانب لے جانے کے لیے پُرعزم ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US