پاکستان اور کرغزستان کا دوطرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالرز تک بڑھانے اور تعلقات کی وسعت کا عزم

image

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کرغزستان کے صدر صادر نور ژاپاروف کے ہمراہ بشکیک میں مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان اور کرغزستان کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور دو طرفہ تجارت کا حجم 2 ارب ڈالرز تک بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کرغزستان کی شاندار میزبانی، یومِ آزادی اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

شہباز شریف نے ایس سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر کرغز قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط دو طرفہ تعاون کا نیا آغاز ہیں جبکہ مذاکرات میں تجارتی تعلقات کی بہتری پر خصوصاً توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کاسا (CASA) توانائی منصوبے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کے قیام، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے اور نجی شعبے کے ذریعے تجارتی تعلقات کی وسعت کو خوش آئند قرار دیا۔

مزید برآں، پاکستان اور کرغزستان کے مابین ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو مثبت پیش رفت قرار دیا گیا اور لاہور اور کرغزستان کے شہر 'اوس' کو جڑواں شہر قرار دینے کے اقدام کو ثقافتی روابط کے استحکام کا ذریعہ بتایا گیا۔ دونوں ممالک نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے پر بھی اتفاق کیا۔

اس سے قبل، صدارتی محل آمد پر کرغزستان کے صدر نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہیں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجانے کے ساتھ ساتھ رہنماؤں نے اپنے متعلقہ وفود کا ایک دوسرے سے تعارف بھی کرایا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US