حکومت کی جانب سے قیمتوں کے تعین کا نیا فارمولا مسترد کرتے ہوئے ایل پی جی ایسوسی ایشنز نے 16 نومبر سے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کردیا، جس کے تحت ایل پی جی کی فروخت مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایل پی جی مارکیٹس ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین علی حیدر کے مطابق تمام متعلقہ ایسوسی ایشنز کے ہنگامی اجلاس میں حکومتی پرائسنگ فارمولے کے خلاف احتجاجاً ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا۔
علی حیدر کا کہنا ہے کہ حکومت کے نئے قیمتوں کے تعین کے فارمولے کے نفاذ سے ایل پی جی کی قیمتوں میں 25 سے 30 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے، جس سے صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی فیصلے کے خلاف 16 نومبر سے ایل پی جی کی فروخت بند کردی جائے گی۔