اگلے میچ میں غلطیوں پر قابو پانے اور تسلسل برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، قومی اسپنرز

image

پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے قومی خاتون کرکٹر نشرہ سندھو نے کہا کہ لو اسکورنگ میچ میں ان کا کوئی خاص پلان نہیں تھا اور انہوں نے چیزوں کو بالکل سادہ رکھا۔

انہوں نے بتایا کہ پچ پر ایک جیسا باؤنس نہیں تھا لیکن اس سے بولنگ میں کافی مدد مل رہی تھی، اسی لیے انہوں نے پچ کے مزاج کے مطابق بغیر کچھ مختلف کیے مسلسل ایک ہی جگہ پر بولنگ کی۔

نشرہ سندھو کا مزید کہنا تھا کہ ایسی پچز پر حریف ٹیم کے خلاف 140 رنز کا ہدف بھی کافی ہوتا ہے کیونکہ ٹیم کے پاس ایسے اسپنرز موجود ہیں جو اس کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جبکہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اگلے میچ میں بھی اس تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے کم سے کم رنز دیں۔

اسی گفتگو میں طوبیٰ حسن نے بتایا کہ میچ لو اسکورنگ ہونے کی وجہ سے ان کا پلان بھی یہی تھا کہ وکٹوں کی لائن میں اور ایک ہی جگہ پر ڈسپلن کے ساتھ بولنگ کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بیٹنگ کو بھی بہت انجوائے کرتی ہیں اور کوشش ہوتی ہے کہ اس شعبے میں بھی بہترین کارکردگی دکھائیں۔

طوبیٰ حسن کا کہنا تھا کہ یہاں حبس بہت زیادہ ہے جس کے مطابق خود کو ڈھالنے اور اگلے میچ کے لیے غلطیوں کو کم کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے تاکہ آنے والے مقابلے میں مزید بہتر کھیل پیش کیا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US