پاکستان نیوی کی بڑی بحری مشق ’’سی اسپارک 2026‘‘ کراچی میں شروع ہوگئی، جس کا مقصد روایتی اور ابھرتے ہوئے بحری خطرات کے خلاف پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں کو جانچنا اور مزید مؤثر بنانا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف نے مشق کی افتتاحی بریفنگ کی صدارت کی، جبکہ پاک فوج اور پاک فضائیہ سمیت مسلح افواج کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مشق کے دوران پاک بحریہ کے جنگی بحری جہازوں، آبدوزوں، طیاروں، بغیر پائلٹ نظام، میرینز اور اسپیشل فورسز کے ساتھ پاک فوج اور پاک فضائیہ کے متعلقہ عناصر بھی حصہ لے رہے ہیں۔
اس سے قبل چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹس کا دورہ کیا اور جاری آپریشنز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول میں غیرمتزلزل جنگی تیاری، تینوں سروسز کے درمیان مؤثر انضمام، حالات کے مطابق فوری ردعمل اور ہر شعبے میں مؤثریت ناگزیر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سی اسپارک 2026 میں ملٹی ڈومین آپریشنز کی مشق کی جا رہی ہے، جس میں سمندری، فضائی، زمینی، سائبر اور خلائی معاون صلاحیتوں کو مربوط کیا جا رہا ہے۔
مشق میں انفارمیشن انوائرمنٹ میں آپریشنز پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، تاکہ سمندر میں جاری عسکری کارروائیوں کے ساتھ ساتھ انفارمیشن بیٹل اسپیس میں بھی فیصلہ کن برتری حاصل کی جاسکے۔