پنجاب میں اسموگ کا تدارک: دھواں چھوڑنے والی تمام سرکاری گاڑیاں فوری بند کرنے کا فیصلہ

image

پنجاب میں اسموگ کے خاتمے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے صوبے بھر میں دھواں چھوڑنے والی تمام سرکاری گاڑیاں فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں اس اقدام کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران اسموگ کی روک تھام کے لیے جاری کردہ ضوابط (ایس او پیز) پر سخت عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت فصلوں کی باقیات جلانے، آلودگی کا باعث بننے والے کارخانوں، اینٹوں کے بھٹوں اور دھواں دینے والی تمام گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ کوڑا کرکٹ اور پلاسٹک جلانے والوں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ ویسٹ برننگ کی خلاف ورزی میں ملوث 'ستھرا پنجاب' کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں باربی کیو پوائنٹس اور فوڈ اسٹریٹس میں ماحولیاتی تحفظ کے قوانین کی پاسداری یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے اور خلاف ورزی کے مرتکب ریسٹورنٹس کو سیل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US