’حبیبی (انکل سیم)، کم ٹو ایران!‘ ایرانی سفارت خانے کا امریکا پر منفرد انداز میں طنز

image

ایران اور امریکا کے درمیان جنگ ساتویں ماہ میں داخل ہوچکی ہے اور آبنائے ہرمز کے معاملے پر کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

اس تناظر میں ایرانی سفارت خانے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک 35 سیکنڈ کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے امریکا کو طنزیہ انداز میں ایران آنے کا چیلنج دیا ہے۔

ویڈیو کے کیپشن میں ’حبیبی (انکل سیم)، کم ٹو ایران!‘ درج ہے، جبکہ ویڈیو میں آبنائے ہرمز کا 3 ڈی نقشہ دکھاتے ہوئے ’مائن سوئپر‘ طرز کا گیم کھیلا جا رہا ہے۔

اس سے قبل امریکا نے آبنائے ہرمز کے ایک جزیرے پر ایرانی راکٹ لانچر تباہ کیے تھے، جن کے بارے میں امریکی حکام کا دعویٰ تھا کہ ان کے ذریعے سمندری بارودی سرنگیں بچھانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔

امریکا کے مطابق اس نے گزشتہ ہفتے ہی اس بحری راستے سے سمندری بارودی سرنگیں صاف کرنے کا عمل مکمل کیا تھا، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ نئی بارودی سرنگیں بچھانے والے کسی بھی جہاز کو تباہ کر دیا جائے گا۔

امریکی اقدام کے جواب میں ایران نے اردن میں 2 امریکی فوجی اہداف پر بیلسٹک میزائل داغے، تاہم اردنی فوج کے مطابق 8 میزائل روک لیے گئے۔ اس کے بعد امریکی سینٹرل کمانڈ نے خطے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے فضائی دفاعی مراکز، ریڈار نظام، بحری تنصیبات، بارودی سرنگیں بچھانے کی صلاحیت سے متعلق مراکز اور مواصلاتی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملے میں ایک شادی کی تقریب کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان ٹموتھی ہاکنز نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوج شہریوں کو کبھی نشانہ نہیں بناتی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US