ملک بھر میں آج یومِ دفاعِ و شہدا بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
1965 کی جنگ کی یاد میں منائے جانے والے اس دن کے موقع پر کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاکستان ایئر فورس کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایئر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان، ایئر وائس مارشل حسن فیصل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے تمام شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فضائی حدود کا دفاع پاک فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ادارے نے ہمیشہ قوم کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے ہر مشکل میں اپنی خدمات پیش کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سربراہِ پاک فضائیہ کی قیادت میں جدید ترین نظام کے ذریعے ملکی دفاع مزید مضبوط ہوا ہے۔ ایئر وائس مارشل نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے لیکن اپنی خودمختاری پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔