کے پی میں فتنہ الخوارج کے خلاف فورسز کی بڑی کارروائیاں، 21 خوارج جہنم واصل

image

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں اور جھڑپوں کے دوران فتنہ الخوارج کے 21 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں چھپے 10 مزید خارجیوں کو ہلاک کردیا، جس کے بعد سرحد پار سے دراندازی کی کوشش میں مارے جانے والے دہشت گردوں کی کل تعداد 25 تک پہنچ گئی ہے۔

اسی ضلع میں پاک افغان سرحد کے قریب ایک اور گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ ملنے پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مزید 7 خارجی ہلاک ہوئے۔

اس کے علاوہ، کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کیے گئے مشترکہ آپریشنز کے دوران فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز علاقے میں کسی بھی ممکنہ خارجی کی موجودگی کا خاتمہ کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں، تاکہ 'وژن عزمِ استحکام' کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردی کا مکمل صفایا ممکن بنایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US