کراچی کے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں کپڑوں کی فیکٹری میں لگنے والی آگ کو فائر بریگیڈ حکام نے تیسرے درجے کی شدید آگ قرار دیا ہے۔ واقعے کے باعث فیکٹری میں دھواں بھرنے سے 3 افراد کی حالت غیر ہوگئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کے وقت فیکٹری میں موجود تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا جبکہ دھویں کے باعث متاثر ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
حکام کے مطابق آگ کی شدت کے باعث فیکٹری کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا اور عمارت مخدوش ہوگئی۔ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں، واٹر باؤزر اور اسنارکل موقع پر موجود ہیں، جبکہ مزید فائر ٹینڈرز بھی طلب کیے گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کی ٹیمیں، فائر بریگیڈ اور دیگر امدادی ادارے آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ فائر فائٹنگ آپریشن کے لیے لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹس پر بھی ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی فراہم کیا جاسکے۔
دوسری جانب سندھ رینجرز کے جوان بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور فائر بریگیڈ و ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ رینجرز کے مطابق اولین ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنا ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ سندھ نے لانڈھی کی کپڑے کی فیکٹری میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں اور ضروری ریسکیو سامان فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔