پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کا پاسپورٹ بلیک لسٹ کرنے کی کارروائی شروع

image

پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کے خلاف 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمے میں عدالتی احکامات پر ان کا پاسپورٹ بلیک لسٹ اور ضبط کرنے کی کارروائی شروع کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کو خط ارسال کر دیا ہے، جس میں مینا خان آفریدی کا پاسپورٹ بلاک اور ضبط کرنے سے متعلق عدالتی حکم پر عمل درآمد کی درخواست کی گئی ہے۔

مینا خان آفریدی اسلام آباد میں 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے درج مقدمے میں مطلوب ہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے مطابق وہ ایف آئی آر نمبر 544/24 میں نامزد ملزم ہیں۔

عدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا تھا کہ مینا خان آفریدی گرفتاری سے بچنے کے لیے جان بوجھ کر روپوش ہیں، جبکہ ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔

عدالتی احکامات کی روشنی میں متعلقہ حکام نے اب ان کا پاسپورٹ بلیک لسٹ کرنے اور ضبط کرنے کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US