گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان تعاون اور شراکت داری کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں گیٹس فاؤنڈیشن کی نمائندگان کلپنا کوچر اور انیتا زیدی شامل تھیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کو درپیش ترقیاتی چیلنجز کے دوران گیٹس فاؤنڈیشن کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے پرعزم ہے، جبکہ پولیو کے خاتمے کے قومی پروگرام کو اعلیٰ ترین سطح پر سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے صحت، غذائیت، مالیاتی شمولیت اور معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کے کردار کو بھی قابل قدر قرار دیا۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں، غذائی تحفظ، زچہ و نوزائیدہ صحت، غربت کا خاتمہ اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم اصلاحاتی ترجیحات حکومت کے گورننس ریفارمز ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیش لیس اکانومی پاکستان حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے کا بنیادی حصہ ہے، جس کا مقصد عام شہریوں کی زندگی آسان بنانا، حکومتی نظام میں شفافیت بڑھانا اور سرکاری رقوم بغیر کسی تاخیر یا ضیاع کے مستحقین تک پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور گیٹس فاؤنڈیشن کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ مستحق خواتین کو مالی معاونت براہ راست، محفوظ اور باوقار انداز میں ملنی چاہیے۔
وزیراعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر خواتین کی مالیاتی شمولیت اور معاشی خودمختاری کے لیے مزید مرکوز اقدامات پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔