قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی و ٹیلی کام کے اجلاس کے دوران سی ای او انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت 37 کمپنیاں موبائل فونز تیار کر رہی ہیں اور اب تک ساڑھے 3 کروڑ سے زائد موبائل فونز بنائے جاچکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایک معروف امریکی کمپنی کے علاوہ باقی تمام بڑی کمپنیاں مقامی سطح پر فونز تیار کر رہی ہیں، جبکہ مذکورہ امریکی کمپنی کو بھی پاکستان لانے کی کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں وزیراعظم جلد امریکا جا کر کمپنی کے سی ای او سے ملاقات کریں گے۔
اجلاس میں چیئرمین کمیٹی نے مقامی سطح پر موبائل فونز کی تیاری کو سراہتے ہوئے 'اسمارٹ فون فار آل' وژن پر زور دیا اور کہا کہ ملک میں اب تھری جی کے بجائے فور جی اور فائیو جی فونز کی پیداوار بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ پاکستان میں اس وقت 20 کروڑ موبائل صارفین موجود ہیں اور کراچی جیسے شہروں میں موبائل چھیننے کی وارداتوں کی وجہ سے شہریوں کو بار بار نیا فون خریدنا پڑتا ہے، لہٰذا مقامی طور پر تیار کردہ موبائل فونز کو مزید سستا اور معیاری بنایا جانا چاہیے۔