سیکیورٹی فورسز کا ضلع کرم میں آپریشن، اہم افغان خارجی کمانڈر عبید اللہ سعد 3 ساتھیوں سمیت ہلاک

image

ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے اہم افغان خارجی کمانڈر عبید اللہ سعد کو اس کے 3 ساتھیوں سمیت ہلاک کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ آپریشن 8 ستمبر 2026 کو علاقے میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں افغان نژاد خارجی کمانڈر اپنے دیگر تین ساتھیوں کے ساتھ مارا گیا۔

ہلاک ہونے والے خارجی عبید اللہ سعد ولد غلام غوث صالحی کا تعلق افغانستان کے صوبہ لوگر کے گاؤں شاہی قلعہ سے تھا، جو پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد بڑی وارداتوں میں ملوث اور مطلوب تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کرنے والے تمام ریاست دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

حکام نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک کے امن، سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور سیکیورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US