ایران امریکا کشیدگی میں کمی اور سیزفائر پاکستان کی اولین ترجیح ہے، سیکریٹری خارجہ

image

پاکستان کے نئے سیکریٹری خارجہ عاصم افتخار احمد نے نیویارک میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات کے پرامن اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق حل کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے اور مکہ معاہدے کے تحت اضافی ذمہ داریاں سنبھال رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کی بگڑتی صورتحال کا مکمل ادراک ہے اور پاکستان کی اولین ترجیح سیز فائر، کشیدگی میں کمی اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانا ہے، کیونکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تنازعات کا حل جنگ نہیں بلکہ سفارت کاری میں مضمر ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان مکہ معاہدے میں شامل تینوں ممالک کے ساتھ مل کر خطے میں امن کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کر رہا ہے جبکہ ایران و امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے والے ممالک میں بھی سرفہرست رہا ہے۔

سیکریٹری خارجہ نے مزید کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے دیرینہ مسائل کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے اور اس تاثر کو رد کیا کہ اقوام متحدہ عالمی امن کے لیے فعال نہیں ہے، جبکہ پاکستان پائیدار امن کے لیے عالمی برادری کے ساتھ کوششیں جاری رکھے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US