کراچی کے مختلف علاقوں بشمول یوسف گوٹھ، کورنگی اور ڈی ایچ اے میں ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے، جبکہ شہری انتطامیہ اور موسمیاتی خدشات کے پیش نظر الرٹ برقرار ہے۔
موسمیاتی صورتحال کے مطابق اگر موجودہ بارش کا سسٹم اپنا رخ تبدیل نہیں کرتا تو آج سہ پہر چار بجے کے بعد شہر میں تیز اور موسلادھار بارش کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بارش کا سلسلہ شروع ہوتے ہی گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے اور شہریوں کو گرمی سے راحت ملی ہے، تاہم چار بجے کے بعد کی متوقع تیز بارش کے پیش نظر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات اور انتظامیہ بارش کے موجودہ سسٹم کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بر وقت نمٹا جاسکے۔
شہریوں کو بھی ضرورت کے بغیر سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔