نئے صوبوں کا قیام ہماری نسلوں کی بقا کا مسئلہ ہے، تحریک سے پیچھے نہیں ہٹیں گے: مصطفیٰ کمال

image

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما اور وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے واضح کیا ہے کہ نئے صوبوں کی تشکیل کا معاملہ ان کی نسلوں کی بقا اور لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے وہ اس تحریک سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کراچی کو وفاق کے زیرِ انتظام لانے کی تجویز سامنے آئی تو وہ اس کی مکمل تائید کریں گے۔

مصطفیٰ کمال کے مطابق نئے صوبوں سے متعلق گفتگو باضابطہ سطح پر ہو رہی ہے، ورنہ اب تک اسے روک دیا گیا ہوتا۔ انہوں نے آنے والے دسمبر کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی پیش رفت ہونی ہے وہ آئندہ بجٹ سے قبل ہو جائے گی، کیونکہ اب وقت کسی سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ ریاست کو بچانے کا ہے۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بھی تجویز دی کہ وہ کسی پیشگی شرط کے بغیر نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرے، جو اس کے لیے ریاست کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر بنانے کا ایک اچھا موقع ثابت ہوسکتا ہے۔

مزید برآں، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے پاس یہ اختیار موجود ہے کہ وہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر کے اس معاملے پر ریفرنڈم کی منظوری حاصل کر لیں، جبکہ صدر آصف علی زرداری ایک معاملہ فہم سیاستدان ہیں جو بخوبی جانتے ہیں کہ ہر اقدام کا ایک مناسب وقت ہوتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US