پشاور میں سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الخوارج کے 3 دہشت گرد ہلاک

image

پشاور کے علاقے متنی میں سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی سوات اور سیکیورٹی فورسز نے متنی کے علاقے میں پاسانی روڈ، ادیزی خوڑ کے مقام پر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی اور انہیں گھیرے میں لینے کے لیے حکمت عملی اختیار کی۔ اس دوران دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کردی، جس کا مؤثر جواب دیتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد سرکاری تنصیبات پر حملوں اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ کارروائی کے بعد جائے وقوعہ سے دو کلاشنکوف، ایک پستول، تین ہینڈ گرینیڈ، پانچ میگزین اور شناختی کارڈز برآمد کیے گئے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے دیگر ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US