کیا آپ ویڈیو گیم کے ذریعے بھی کسی سے بےوفائی کر سکتے ہیں؟

ذرا تصور کریں کہ آپ کا شریکِ حیات گھنٹوں کسی اور کے ساتھ چھیڑ چھاڑ میں مصروف رہے، اس کا ہاتھ تھامنے کی کوشش کرے اور اسے ڈیٹ پر لے جائے، یقیناً یہ پڑھنےکے بعد زیادہ تر لوگوں کے ذہن میں اس بارے میں سوالات پیدا ہوں گے۔
A promotional image from the game GTA 6 featuring the two main characters, Jason and Lucia. He is wearing a white vest and has a crewcut and a tattoo on his left bycep. She is facing him with a gun in her right hand.
Rockstar games
جی ٹی اے سکس کی کہانی دو مرکزی کرداروں جیسن اور لوسیا کے درمیان تعلق کے گرد گھومتی ہے

ذرا تصور کریں کہ آپ کا شریکِ حیات گھنٹوں کسی اور کے ساتھ چھیڑ چھاڑ میں مصروف رہے، اس کا ہاتھ تھامنے کی کوشش کرے اور اسے ڈیٹ پر لے جائے، یقیناً یہ پڑھنےکے بعد زیادہ تر لوگوں کے ذہن میں اس بارے میں سوالات پیدا ہوں گے۔

لیکن اگر وہ ’کوئی اور‘ صرف ایک ویڈیو گیم کے اندر موجود ہو تو؟

راک سٹار کی مقبول گیم سیریز گرینڈ تھیفٹ آٹو (جی ٹی اے) کی تازہ ترین قسط فروخت کے نئے ریکارڈ قائم کر چکی ہے اور اسے ریلیز کے پہلے ہی روز 3.8 ارب ڈالر کی آمدنی حاصل ہوئی ہے۔

گیم کی کہانی دو مرکزی کرداروں جیسن اور لوسیا کے درمیان تعلق کے گرد گھومتی ہے۔

راک سٹار کے مطابق بونی اور کلائیڈ سے مشابہ اس جوڑی کے لیے گیم میں آگے بڑھنے کے لیے مکمل رومانوی تعلق برقرار رکھنا ضروری نہیں ہے۔

لیکن اس گیم کی کہانی میں جرائم اور مفروری کی زندگی کے واقعات سے ہٹ کر ایک ساتھ وقت گزارنے کے ذریعے ان دونوں کے تعلق میں مزید گہرائی پیدا کی جا سکتی ہے، مثلاً ساتھ شاپنگ کرنا، شراب خانوں اور ریستورانوں کا رخ کرنا یا مل کر ورزش کرنا۔

ہاتھ تھامنے یا ایک دوسرے کے پیغامات کا فوری جواب دینے جیسے چھوٹے چھوٹے تعاملات بھی ان کے درمیان قربت بڑھانے میں مدد دیتے ہیں۔

اس تصور نے ایک ایسی بحث کو پھر سے زندہ کر دیا ہے جو تقریباً ویڈیو گیمز جتنی ہی پرانی ہے: اگر آپ کسی خیالی تعلق میں اس قدر جذباتی طور پر سرمایہ کاری کر رہے ہوں تو کیا حقیقی زندگی میں آپ کے شریکِ حیات کو اس پر ناراض ہونے کا حق ہے؟

ستمبر میں سروے کرنے والی کمپنی یوگوو نے یہ سوال برطانیہ میں چار ہزار سے زیادہ بالغ افراد سے پوچھا تھا۔

تقریباً چھ فیصد افراد نے کہا کہ وہ اسے بے وفائی تصور کریں گے، جبکہ مزید 19 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ ’اسے قابلِ قبول نہیں سمجھیں گے۔‘ اس حوالے سے خواتین مردوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ منفی رائے رکھتی تھیں۔

ایلی فرانکو، جو ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ کانٹینٹ کریئیٹر ہیں اور ٹک ٹاک پر اینیمی اور گیمنگ سے متعلق مواد اپنے دس لاکھ سے زیادہ فالوورز کے ساتھ شیئر کرتی ہیں، کہتی ہیں کہ آن لائن اس بحث کو پھیلتے دیکھ کر وہ ’حیران اور مایوس‘ ہوئیں۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’اگر آپ کا شریکِ حیات کسی خیالی کردار سے عدم تحفظ محسوس کرتا ہے تو پھر اس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔‘

’یہ کسی ٹی وی سٹار پر دل آ جانے جیسی بات ہے، بلکہ بے وفائی سے بھی کہیں زیادہ دور، کیونکہ اس میں کسی حقیقی شخص کی شمولیت ہی نہیں ہوتی۔‘

فرانکو کی جانب سے اس موضوع پر ایک ویڈیو پوسٹ کرنے کے بعد سینکڑوں صارفین نے تبصروں میں ان کی رائے سے اتفاق کیا، تاہم بعض لوگوں نے اس حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’سچ کہوں تو اس کا انحصار صورتحال پر ہے۔ اگر آپ کسی خیالی کردار کی وجہ سے اپنے شریکِ حیات کے ساتھ بنائے گئے منصوبے منسوخ کر رہے ہیں یا اپنی جذباتی اور جسمانی قربت کا رخ ایک فرضی کردار کی طرف موڑ رہے ہیں تو یہ کچھ عجیب ہے۔‘

ایک اور خاتون نے ہمیں بتایا کہ ’یہ بہت عجیب بات ہے اور سچ کہوں تو مجھے یہ بالکل پسند نہیں۔‘

سماجی تعلقات کی نقل

کئی دہائیوں سے ویڈیو گیمز کھلاڑیوں کو نان پلیئر کریکٹرز (این پی سیز) کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کا موقع فراہم کرتی رہی ہیں۔

سنہ 1996 میں آنے والی گیم ہارویسٹ مون میں کھلاڑی دیہاتی کرداروں سے شادی کر سکتے تھے، فائنل فینٹسی سیون میں جذباتی نوعیت کی کہانیاں بنا سکتے تھے، جبکہ بالڈرز گیٹ ٹو جیسی رول پلیئنگ گیمز میں زیادہ پیچیدہ رومانوی تعلقات بھی قائم کیے جا سکتے تھے۔

زندگی کی نقل پیش کرنے والی گیم دی سمز میں کھلاڑی کمپیوٹر کے زیرِ کنٹرول کرداروں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ، ملاقاتیں، شادی اور بچوں کی پرورش تک کر سکتے تھے۔

تاہم ان تمام تعاملات کی بنیاد پہلے سے طے شدہ سکرپٹس پر ہوتی تھی، جو گیم ڈویلپرز کی لکھی ہوئی کہانیوں اور قواعد کے مطابق کام کرتے تھے۔

جی ٹی اے سکس اس سے ایک قدم آگے چلا گیا ہے۔ یہ کھلاڑیوں کو زیادہ وسیع اوپن ورلڈ سرگرمیوں اور انتخاب کے ذریعے جیسن اور لوسیا کے درمیان تعلق کی نوعیت اور گہرائی کو خود تشکیل دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

فلوریڈا سٹیٹ یونیورسٹی میں ایسوسی ایٹ پروفیسر آرین فیروشو کہتی ہیں ’جوں جوں ویڈیو گیمز زیادہ پیچیدہ اور حقیقت کے قریب ہوتی جا رہی ہیں، کھلاڑیوں کے لیے خود کو اس تجربے سے الگ محسوس کرنا اتنا ہی کم ہوتا جا رہا ہے۔‘

ایسوسی ایٹ پروفیسر آرین فیروشو کہتی اس بات کا مطالعہ کرتی ہیں کہ لوگ خیالی کرداروں کے ساتھ کس طرح تعلقات قائم کرتے ہیں۔

ان کے بقول ’ویڈیو گیمز اب حقیقت اور سماجی تعلقات کی نقل کرنے میں پہلے سے کہیں بہتر ہو گئی ہیں۔‘

A screenshot from the game GTA 6 featuring the two main characters, Jason and Lucia driving in a convertable car. He is in the background drinking a soda and driving. She is leaning on the inside of the door with her arms crossed.
Rockstar games
راک سٹار کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے لیے گیم میں رومانوی تعلق قائم کرنا ضروری نہیں ہے

گرینڈ تھیفٹ آٹو سکس شاید اس وقت گیم ڈیزائن کی جدید ترین مثال ہو، لیکن اگلی بڑی پیش رفت مصنوعی ذہانت کے ذریعے آ سکتی ہے۔

این ویڈیا، یوبی سوفٹ اور دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے پہلے ہی ایسے جنریٹو اے آئی سسٹمز پر تجربات شروع کر دیے ہیں جو کھلاڑیوں کو نان پلیئر کریکٹرز (این پی سیز) کے ساتھ زیادہ فطری انداز میں گفتگو کرنے کی سہولت دیتے ہیں۔

مستقبل میں یہ کردار ماضی کی ملاقاتوں کو یاد رکھ سکیں گے، کھلاڑی کے اقدامات پر ردِعمل دے سکیں گے اور پہلے سے لکھی گئی کہانی پر چلنے کے بجائے وقت کے ساتھ بدلتے اور ارتقا پذیر ہونے والے تعلقات قائم کر سکیں گے۔

فیروشو کا خیال ہے کہ اس سے ویڈیو گیمز کا تجربہ مزید حقیقی اور دلکش محسوس ہو سکتا ہے۔

وہ کہتی ہیں ’اس طرح ایسے تعلقات قائم کیے جا سکیں گے جو زیادہ مضبوط یا زیادہ خاص محسوس ہوں۔‘

تاہم ان کے مطابق آج کی مصنوعی ذہانت اب بھی حقیقی معنوں میں بامعنی تعلق پیدا کرنے کے بجائے صرف ’زیادہ مضبوط تاثر‘ ہی تخلیق کرے گی۔

یہ پیش رفت دلچسپ ہے یا تشویش کا باعث، اس کا انحصار شاید کھلاڑی پر ہوگا۔ تاہم گیمنگ کی دنیا میں اس ٹیکنالوجی کے وسیع استعمال کے حوالے سے بعض حلقوں میں تحفظات اور مزاحمت بھی پائی جاتی ہے۔

فرانکو کہتی ہیں کہ وہ پہلے ہی ایسے مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹس کے اشتہارات دیکھ رہی ہیں جو مداحوں کو اپنے پسندیدہ اینیمی کرداروں سے گفتگو کرنے کی سہولت دیتے ہیں۔

وہ کہتی ہیں ’میں باآسانی تصور کر سکتی ہوں کہ مصنوعی ذہانت ویڈیو گیمز کا حصہ بن جائے گی اور انھیں مزید حقیقت کے قریب لے آئے گی۔‘

’لیکن اگر ایسا ہوتا بھی ہے تو میں اسے پھر بھی صرف ایک گیم ہی سمجھوں گی۔ آخرکار، آپ کمپیوٹر کوڈ کی چند سطروں کے ساتھ بے وفائی نہیں کر سکتے۔‘

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US