شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے ریجنل اینٹی ٹیررسٹ اسٹرکچر (آر اے ٹی ایس) کونسل کا 46 واں اجلاس اسلام آباد میں پاکستان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں رکن ممالک نے ایران پر نئے فوجی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن کے قیام اور استحکام کے لیے کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔
اجلاس میں بیلاروس، بھارت، ایران، قازقستان، چین، کرغزستان، پاکستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے متعلقہ اداروں کے وفود سمیت ایس سی او آر اے ٹی ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران علاقائی سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق بین الاقوامی صورتحال اور دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہاپسندی کے خلاف تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
ایس سی او آر اے ٹی ایس کونسل نے ایران پر ہونے والے نئے فوجی حملوں کی مذمت کی اور اس معاملے پر ایس سی او کے پہلے سے جاری مؤقف کی توثیق کی۔ کونسل نے ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کی المناک وفات پر ایرانی حکومت اور عوام، جبکہ جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
کونسل نے ایران کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن کے قیام اور استحکام کو یقینی بنانے کی کوششوں کی حمایت کی۔
اجلاس میں دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہاپسندی کے خلاف ایس سی او رکن ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کو مربوط بنانے سے متعلق سابقہ فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ایس سی او آر اے ٹی ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی اور ماہرین گروپس کے آئندہ کے ورک پلانز کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے انفارمیشن انفراسٹرکچر کے قیام اور بہتری سے متعلق فیصلے بھی کیے گئے۔
اجلاس میں 2027 کے دوران دہشت گردی کے خلاف مشترکہ معلوماتی آپریشن، دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہاپسندی کے لیے انٹرنیٹ کے استعمال کی روک تھام کے حوالے سے عملی سیمینار اور مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ایس سی او رکن ممالک اور ایک مبصر ریاست کے درمیان دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہاپسندی کے خلاف تعاون کے موضوع پر 13ویں بین الاقوامی سائنسی و عملی کانفرنس آئندہ قازقستان میں منعقد ہوگی۔
اجلاس میں ایس سی او آر اے ٹی ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے انتظامی و افرادی امور کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ تنظیم کی سرگرمیوں اور رکن ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کے فروغ میں ذاتی خدمات انجام دینے والے حکام کو اعزازات سے نوازا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر ایس سی او آر اے ٹی ایس کونسل کی چیئرمین شپ پاکستان سے روس کو منتقل ہوگئی۔ اگلا اجلاس ایس سی او آر اے ٹی ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے صدر دفتر تاشقند میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوا۔